بھٹکل :2؍ مارچ (ایس اؤ نیوز) تعلقہ کے مختلف مقاما ت پر واقع شیو مندروں میں ہندو بھائیوں نے شیو راتری کی مناسبت سے خصوصی پوجا پاٹ انجام دی۔ مشہور سیاحتی مقام مرڈیشور میں واقع مندر میں تعلقہ کے مختلف مقامات سے پہنچے ہزاروں بھگتوں نے ماتھوبار شری مرڈیشور کے درشن پاکر پوجا پاٹ کئے۔
بھٹکل کی چولیشوری مندر سے صبح 4بجے ہزاروں بھگت مرڈیشور کے لئے پیدل نکلے ۔ مرڈیشور پہنچ کر انہوں نے بھگوان کے درشن کئے پیدل یاترا کی قیادت انڈین گیس ایجنسی کی مالک شیوانی شانتارام کررہی تھیں۔ پیدل یاترا میں شریک بھگتوں کے لئے کریا شیل گلئیر سنگھ کی طرف سے پھلوں اورپانی کا انتظام کیاگیا تھا۔
شیوراترای کے موقع پرصبح 4بجے سے ہی بھگت مرڈیشور پہنچ کر بھگوان کے درشن کے لئے قطاروں میں کھڑے دیکھے گئے۔ بھٹکل سے پیدل یاترا کے ذریعے مرڈیشور پہنچے چند بھگت قطار میں کھڑے ہوکراپنی باری کے انتظارکرتے کرتے سر چکرا کر گرپڑے۔ قطار میں گھنٹوں کھڑے رہنےکی وجہ سے درمیان میں وقفہ وقفہ سے دھکم دھکا بھی ہورہاتھا۔ حالات سے مشتعل ہوئے بھگتوں نے مندر انتظامیہ اور عملے کو آڑے ہاتھوں لیتےہوئے کہاکہ پتہ ہے کہ شیو راتری کے موقع پر ہزاروں بھگت درشن کے لئے آئیں گے اس کے باوجود یہاں ٹھیک سےانتظامات نہیں کئےگئےہیں۔
بھٹکل شہرمیں سونارکیری میں واقع ویروپاکشا مندر، بھئیروکیری کی پشو پتی مندر، بندر ماوین کوروے کی شری کوٹومیشور مندر، بائی پاس کے قریب والی شری چولیشور مندر ، شرالی کی شیون مندر سمیت کئی مندروں میں بھگتوں نے پوجا پاٹ کی۔بھٹکل سےنکلی پیدل یاترامیں شیوانی شانتارام ، پانڈو نائک، دیپک نائک، کرشنا گوپی پربھو، جئے لکشمی بھٹ، کٹے ویرا اسپورٹس کلب کے ممبران وغیرہ شریک تھے۔